نیو ائیر (New Year)
30/12/2022
آجکل ہر طرف نیو ائیر کی بات ہو رہی ھے۔۔۔ کچھ لوگ اپنے plans اور reservations رکھتے ہیں، تو کچھ جاتے سال کے اچھے / برے ہونے کا سیاق و سباق بتاتے ہیں۔ میرے بھی محدود حلقہ احباب مجھ سے دریافت کرتے ہیں کہ آپ کا سال کیسا گزرا؟ سال تو ہمیشہ کی طرح 365 دنوں پر محیط اللہ تعالی کی بنائی ہوئی planning کے تابع ہی گزرتا ھے۔ اچھا یا برا اسے ہماری سوچ بناتی ھے۔ اگر ہم اسے رضائے الٰہی سمجھتے ہوئے، اپنی سوچ کو مثبت زاوئیے سے سمجھیں اور قرآن و سنت کی روشنی میں مسائل/ رنج و الم کا حل ڈھونڈیں تو یقینا” ہم مایوسی جیسے گناہ سے بچ سکتے ہیں۔
الحمداللہ، 2022 اپنے اختتام پر ھے اور 2023 کی آمد آمد ھے۔ ہر سال کی طرح جانے والا سال خوشی اور غمی کے ملے جلے تاثرات اور نقوش چھوڑ جاتا ھے۔ ہر ذی روح اس تجربے اور مشاہدے کا ادراک رکھتا ھے۔ دن، مہینے سال موسم کی طرح کروٹ بدلتے، کبھی دھوپ، کبھی چھاؤں، کبھی بادباراں تو کبھی سیلاب۔ یہی زندگی کا فلسفہ حیات ھے، اور اسی سے ہم جوں جوں آشنا ہوتے جاتے ہیں اتنا ہی جینا سیکھتے جاتے ہیں۔
اللہ تعالی نے ہمیں بیش بہا نعمتوں سے نوازا ھے، یہ اس کا ہم پر احسان و اکرام نہیں تو اور کیا ھے؟؟ ہماری پیدائش کا مقصد ہی اللہ کی واحدانیت پر یقین رکھتے ہوئے اسلام کے تقاضوں کی پیروی اور حفاظت کرتے ہوئے اپنے آپ کو اللہ کی خوشنودی کے لئے صراط المستقیم پر چلتے رہیں۔ اس دوران ہمیں بہت سے challenges سے بھی نابردآزما ہونا پڑتا ھے۔ مومن جو اللہ پر یقین اور توکل رکھتا ھے، اس پر دنیاوی زندگی کے جھمیلے اثرانداز نہیں ہوتے۔
اگر خوشیاں اللہ تعالی کا کرم ہیں تو دکھ درد بھی اللہ تعالی کی طرف سے ہمیں باہمت اور حوصلہ مند بناتے ہیں۔ کچھ سکھا اور سمجھا جاتے ہیں۔ جو سمجھنا چاہے، اللہ تعالی اسے سمجھ اور ہدایت عطا فرما دیتے ہیں۔
“یہ دنیا کی رونقیں تو محض ایک آزمائش ہے، بنانے والے نے بتا دیا دھوکا ھے۔”
اس لئے ہمیں لغویات سے ہر ممکن طور پر کنارا کرنا چاہئیے اور بامقصد اور بامراد زندگی گزارنی چاہئیے۔ اللہ تعالی ہمیں توفیق دیں کہ ہم اپنی اصلاح کرتے رہیں اور اس کے حضور دعا گو رہیں کہ وہ ہمارا شمار اپنے پسندیدہ بندوں میں کرلے، جنہیں وہ ہدایت دیتا ھے اور جو صراط مستقیم پر چلتے ہیں، اس کی پاکی بیان کرتے ہیں، اس کا شکر ادا کرتے ہیں۔
یا اللہ جو تو نے دیا، وہ تیری نعمت
اور جو تو نے نہیں دیا، وہ تیری حکمت
اور جو تو نے دے کر لے لیا،وہ تیرا امتحان
اے اللہ ہمیں ہر حال میں شکر ادا کرنے کی توفیق عطا فرما اور اپنا فرمانبردار بنا۔ آمین ثمہ آمین۔