موسم سرما میں ادرک کے استعمال کے فوائد

05/01/2025

موسم سرما اپنے ساتھ متعدد بیماریاں جیسے کہ نزلہ، زکام، کھانسی بخار، جوڑوں میں درد اور پیٹ سے متعلق شکایات لاتا ہے، ان سب سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے اگر کچن میں موجود صرف ایک جز ادرک کا استعمال کر لیا جائے تو سردیوں کا موسم کافی حد تک آسانی سے گزر سکتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق ادرک میں نہ صرف بہت سی بیماریوں کا علاج ہے، بلکہ اس میں مجموعی صحت سے متعلق بے شمار خوبیاں بھی پائی جاتی ہیں. اسی لیے ادرک کا استعمال صحت کے لیے انتہائی مفید ہے بالخصوص سردیوں میں اس کے استعمال سے متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

ادرک کو با آسانی استعمال میں لایا جا سکتا ہے، اس کا استعمال کھانوں کا ذائقہ بڑھانے اور مختلف سبزیوں، دالوں اور گوشت کے پکوانوں میں بھی کیا جاتا ہے۔

ادرک کا استعمال جسم میں حرارت پیدا کرتا ہے، ادرک کے چند ٹکڑے 2 کپ پانی میں ڈال کر اُبال لیں پھر اس میں شہد کے چند قطرے شامل کرکے دن میں 2 سے 3 مرتبہ پئیں، یہ طریقہ سردی میں آپ کے جسم کو گرم رکھنے میں مدگار ثابت ہوگا اور ٹھنڈ سے بچائے گا۔
سردیوں میں نزلہ، زکام اور کھانسی عام سی بیماریاں ہیں لیکن ان کا علاج بھی ادرک میں موجود ہے، ایک چمچ شہد میں ادرک کے رس کے چند قطرے ڈالیں اور دن میں 2 سے 4 مرتبہ اس کا استعمال کریں۔

جوڑوں کے درد کے خاتمے کے لیے گرم تاثیر رکھنے کے سبب ادرک میں ایسی خصوصیات موجود ہیں جو ہر طرح کے درد خصوصاً جوڑوں کے درد کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

جوڑوں یا پرانے درد سے نجات حاصل کرنے کے لیے ادرک کو کھانے میں استعمال کریں یا پھر ادرک کی چائے پئیں، اس سے جسم میں درد اور سوزش کا خاتمہ ہوگا۔
ادرک نظام ہاضمہ کے مسائل کو ختم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے، روزانہ ایک گرام ادرک کا استعمال پیٹ کے درد اور نظام ہاضمہ کے لیے انتہائی مفید ہے، اس کے علاوہ اگر آپ کے پیٹ میں مستقل درد رہتا ہے تو ادرک کے رس کے چند قطرے استعمال کریں۔
اپنی صحت کا خیال رکھیں اور سردیاں انجوائے کریں.