ہے زندگی کا مقصد اوروں کے کام آنا
30/07/2024
اسلام صرف چند عبادتوں… نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج وغیرہ کی ادائیگی کے مجموعے کا نام نہیں ہے۔ بلکہ یہ زندگی گزارنے کا مکمل سانچہ ہمارے سامنے پیش کرتا ہے۔ جس کے مطابق زندگی گزار کر ہی ہم کامیابی وکامرانی سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔ اسلام سراسر خیر خواہی کا مذہب ہے۔
انسان ایک معاشرتی حیوان ہے۔ وہ معاشرے میں رہنے پر مجبور ہے۔ انسان کو زندہ رہنے کے لیے ایک دوسرے کی ضرورت پڑتی ہے۔ انسان وہی ہے جو دوسروں کا خیر خواہ اور ہمدرد ہو۔ اگر انسان دوسروں کے دکھ اور درد کو اپنا دکھ درد نہیں سمجھتا تو وہ انسان کہلانے کا حقدار نہیں دوسروں کے کام آنا مصیبت میں ان کی مدد کرنا ہی اصل انسانیت ہے۔
“اپنے لئے تو سب ہی جیتے ہیں اس جہاں میں
ہے زندگی کا مقصد اوروں کے کام آنا”
جب جذبہ ہمدردی بڑھ جاتا ہے تو انسان دوسروں کو اپنے آپ پر فوقیت دینے لگتا ہے وہ اپنی خواہشات کو پسِ پشت ڈال کر اپنے بھائی کی ضروریات کو اہمیت دینے لگتا ہے۔ اپنی ضروریات کی قربانی دے کر دوسروں کی مدد کرتا ہے۔
اسی جذبے کا نام احسان ہے. اسلامی تعلیمات یہی ہیں کہ اپنے آپ پر بھائی کو فوقیت دی جائے۔
“مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں “
اللہ تعالی کے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
“مسلمان جسد واحد کی مانند ہے اگر جسم کا کوئی حصہ تکلیف میں مبتلا ہو تو پورا جسم بے چین اور بے آرامی میں مبتلا ہو جاتا ہے۔
حجۃ الوداع کے موقع پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
” ہر مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے. جو کسی مسلمان کی پریشانی دور کرتا ہے اللہ تعالی قیامت کے روز اس کی پریشانی دور کرے گا-
تاریخ اسلام کے اوراق اٹھا کر دیکھیں تو ہمدردی و ایثار کی بہت سی مثالیں ملتی ہیں جیسے ہجرت مدینہ کے وقت جب اہل مکہ اپنا سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر مدینہ چلے آئے تو انصار مدینہ نے بڑھ کر ان کے ہاتھ تھام لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ایک مہاجر کو ایک انصاری کا بھائی بنا دیا دنیا کی تاریخ میں اس طرح کی مثال نہیں ملتی ہے ۔
“درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو
ورنہ طاعت کے لیے کچھ کم نہ تھے کروبیاں”
ایک دوسرے کے کام آنا ایک اچھے معاشرے کی تشکیل کا بنیادی نقطہ آغاز ہے ۔ دنیا کے ہر مذہب میں اور دل میں درد دل رکھنے والوں نے انسانیت کی بلاامتیاز خدمت کی تلقین کی ہے۔ دین اسلام تو ساری انسانیت کی فلاح کا مذہب ہے۔ بدقسمتی سے انتہا پسندوں نے اسلامی تعلیمات کو مسخ کرکے رکھ دیا ہے ۔
مسلمان کا سب سے بڑا وصف قوت، ہمدردی، ایثار و قربانی اور محبت ہے۔ ہر شخص کا دوسرے مسلمان کے لئے بھی یہی جذبہ کارفرما ہونا چاہیے، کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرے۔ بلاشبہ اللہ رب العزت دلوں کے بھید جانتے ہیں۔ ہمیں خلوص نیت سے بے لوث خدمت کرنا ہو گی۔ یہی اصل عبادت ہے ۔
یہی ہے عبادت ،یہی دین و ایماں
کہ کام آئے دنیا میں انسان کے انساں
انسانیت یہی ہے کہ دوسروں کے درد اور تکلیف کو اپنا درد اور تکلیف سمجھ آ جائے اور آج کے دور میں دکھی انسانیت کی خدمت کی جائے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے بہت سے اقدامات کرنا ضروری ہے ۔
اور ہمیں بھی چاہیے کہ دکھی انسانیت کا خیال کریں اپنے گلی محلوں اور رشتہ داروں میں لوگوں کا خیال کریں ان کی ضروریات کا خیال کریں تعلیم کو فروغ دیں اور غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کریں۔