تیسرا عشرہ (عشرہ نجات)

11/04/2023

اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفُوُّٗا تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنَّا
اے اللہ بے شک تو معاف کرنے والاہے معاف کرنے کو پسند کرتا ہے پس ہمیں معاف فرمادے۔

رمضان المبارک، رحمان کی طرف سے آنے والا معزز مہمان، نور کا آسمان، بے پایاں رحمت کا سائبان اور انسان کی بخشش کا ایسا حیرت انگیز اور قدرتی سامان ہے کہ اگر انسان پر حقیقت کھل جائے اور اس کی باطنی آنکھ وہ عجائبات اور مناظر دیکھنے لگ جائے جو فرشتوں کی آمد و رفت سے پیدا ہوتے ہیں تو وہ دم بخود رہ جائے اور اس کی خوشی کا کوئی ٹھکانا نہ رہے۔ یوں تو رمضان کا سارا مہینہ ہی ان صفات و برکات سے معمور ہے مگر آخری دس دن، پہلے بیس دنوں سے بھی زیادہ اہمیت اور انفرادی شان رکھتے ہیں، جن میں اعتکاف ہوتا ہے، شب قدر کو پانے کی کوشش کی جاتی ہے اور آخر میں صدقہ فطر ادا کیا جاتا ہے۔ حضرت سلمان رضی اللہ عنہ راوی ہیں کہ سرکار نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شعبان کے آخری دن ہمیں ایک خطبہ دیا، جس میں آپ نے ارشاد فرمایا :

وَهُوَ شَهْرٌ اَوَّلُه رَحْمَةٌ وَ اَوْسَطُه مَغْفِرَةٌ وَآخِرُه عِتْقٌ مِنَّ النَّارِ. (ابن خزيمة)
’’یہ ایک مہینہ ہے، جس کا ابتدائی حصہ رحمت، اور درمیانی حصہ مغفرت کے لئے ہے اور تیسرے حصہ میں دوزخ سے رہائی عطا کر دی جاتی ہے‘‘۔

یہ وہ عشرہ ہے جس کی طاق راتوں میں شب قدر کی تلاش کا حکم ہے۔یوں تو پورا رمضان ہی عبادت، ذکر و اذکار، تلاوت قرآن، فرائض و نوافل کی پابندی، صدقہ و خیرات اور نیکی و احسان کا مہینہ ہے، مگر اس کے آخری عشرے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آخری عشرے میں باقی ایام کی نسبت عبادت کا زیادہ اہتمام فرماتے تھے۔خود بھی جاگتے اور اپنے اہل وعیال کو بھی جگاتے۔
اعتکاف کا لغوی معنی ہے ٹھہرنا اور رکنا۔ اصطلاح شریعت میں کوئی شخص اللہ کا قرب حاصل کرنے،اس کی عبادت، ذکر و اذکار کرنے کی نیت سے مسجد میں ایک خاص مدت کے لیے قیام کرے تو اسے اعتکاف کہتے ہیں۔ اللہ کے لئے ضبط نفس، گوشہ تنہائی میں سب سے کنارہ کشی اور علائق دنیا سے بے رغبتی کے عملی اظہار کا نام اعتکاف ہے۔ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

’’جو شخص رمضان میں دس روز کا اعتکاف کرے تو اس کا یہ عمل دو حج اور دو عمروں جیسا ہوگا۔ ‘‘

تیسرا اور آخری عشرہ بھی اب اپنے اختتام کی طرف رواں ہے. رمضان کو الوداع کہنے کا وقت آرہا ہے. کتنے خوش بخت ہیں وہ لوگ جن کو اس رمضان کی فیوض و برکات سے دامن و دل بھرنے کا موقع ملا اور نہ جانے اگلے برس ہم میں سے کتنے ہوں جن کی قسمت میں اگلا رمضان ہوگا۔۔۔؟ کیوں نہ پھر اس مبارک مہینے کے آخری دنوں اور آخری لمحات کو ضائع نہ کریں اور اپنے خالق و مالک سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کریں اور اپنی اور اپنے چاہنے والوں کی مغفرت کی دعا مانگیں- اللہ پاک ہماری عبادات اور نیک نیتی سے مانگی گئ تمام دعاؤں کو شرف قبولیت بخشے، ہمارے اگلے پچھلے تمام گناہوں کو معاف فرمائے اور روز محشر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شفاعت نصیب فرمائے۔ آمین۔