رمضان کا مہینہ اور روزہ

05/03/2024

برستی ہیں خدا کی رحمتیں اِس ماہِ رمضان میں
کیا ہے تذکرہ جس کا خدا نے اپنے قرآن میں
مقدس یہ مہینہ ہے, یہ بابرکت بھی ہے اتنا
کہ شبنم کی طرح برسے یہ تقوٰی کے گلستان میں
سکھاتا ہے سبق یہ صبر اور جہدِ مسلسل کا
عُقابی روح یہ بیدار کرتا ہے مسلمان میں
جو روح پرور مناظر ہر طرف وہ دیکھتا ہے تو
پشیمانی, پریشانی بہت ہوتی ہے شیطان میں
غنیمت اِس مہینے کو ارے اے مومنو سمجھو
اضافہ کر سکو تم گَر تو کر لو اپنے ایمان میں
یہ جو رحمت کا ہے اور مغفرت کا اک مہینہ ہے
سمیٹو اس میں رحمت مغفرت کے پھول داماں میں
گناہوں سے بچانے کا ہے روزہ ڈھال اک ایسی
خدا کا خوف اور تقوٰی کرے پیدا یہ انسان میں
حِجازی چھوڑنا نہ تم کبھی روزے کی عادت کو
بچائے گا تمہیں روزہ بُرائی کے اِس طوفان میں

(وسیم حجازی)