پاکستان کی بھارت سے شکست کی روایت برقرار

15/10/2023

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست کھانے کی روایت برقرار رکھی جہاں قومی ٹیم کے بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ بھارتی ٹیم نے باؤلرز کی بھی درگت بنائی اور ہدف محض 30 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

بھارتی شہر احمد آباد میں واقع دنیا کے سب سے بڑے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو ان کے باؤلرز نے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کردیا۔

بھارت نے پاکستان کو کرکٹ ورلڈ کپ کے ایک اور مقابلے میں بھاری شکست دے کر عالمی مقابلوں میں مسلسل آٹھویں کامیابی حاصل کر لی جس پر جہاں بھارتی شائقین خوش ہیں وہیں پاکستان میں گرین شرٹس کے مداح مایوس ہو گئے ہیں۔

پاکستان کی بھارت کے خلاف کارکردگی پر مبصرین کے ساتھ سوشل میڈیا صارفین بھی خوش نہیں۔ کسی نے پاکستانی بالرز کو اس کا ذمہ دار قرار دیا تو کسی کے خیال میں اس شکست کے ذمہ دار بلے باز ہیں۔ لیکن تقریبا تمام ہی سابق کرکٹرز اس بات پر متفق تھے کہ بھارت نے پاکستان کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کردیا۔

احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 191 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور جواب میں بھارتی ٹیم نے ہدف تین وکٹوں پر 31 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
یہ ایک روزہ ورلڈ کپ میچوں میں پاکستان کی انڈیا کے ہاتھوں مسلسل آٹھویں شکست ہے، پاکستان نے ایک روزہ ورلڈ کپ میں انڈیا کو کبھی شکست نہیں دی۔