قرآن کریم اللہ تعالی کا آخری صحیفہ ہدایت ہے

20/07/2023

قرآن کریم اللہ تعالی کا آخری صحیفہ ہدایت ہے جو حضور رسول آخرالزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نازل ہوا۔ اس میں قیامت تک کے تمام فکری، تہذیبی، تمدنی اور اجتماعی ضروریات پورا کرنے کی مکمل رہنمائی موجود ہے۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ اس دستور حیات کے مندرجات کو جان کر ان پر غور و فکر کر کے اسے سمجھا جائے اور اپنی زندگی کے ہر پہلو پر عملی طور اسے لاگو کر کے اس مقصد عظیم کو حاصل کیا جائے، جس کے لئے پروردگار عالم نے ہماری تخلیق فرمائی۔
ہمارا زور صرف تلاوت قرآن پاک پر ہی ہوتا ہے۔ یہ عمل ہے تو حصول رحمت و برکت کا باعث، لیکن یہ ہمیں اصل منزل تک نہیں پہنچاتا۔ اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ یہ دنیا دارالعمل ہے، انسان کو اس میں امتحان کے لئے بھیجا گیا ہے۔ اور یہ زندگی اس نے محنت اور مشقت سے بسر کرنی ہے۔ اگر یہ محنت و مشقت اللہ تعالی کے حکموں کے بجا لانے میں ہو تو کامیابی۔۔۔ اور اگر خواہشات نفس کو پورا کرنے کے لئے ہو تو ناکامی۔ اب حکموں کو جاننے کے لئے قرآن پاک کے مطالب جاننے کی ضرورت ہے۔ بدقسمتی سے ہم عربی زبان سے نابلد ہیں اس لئے تلاوت کے ساتھ ترجمہ پڑھے بغیر ہم مقصد کو نہیں پا سکتے۔ اسے اگر دوسری طرح بھی دیکھیں کہ اللہ تعالی نے کتاب رحمت میں توحید کے بعد سب سے زیادہ عقیدہ آخرت کو بیان فرمایا ہے کہ مر کر دوبارہ زندہ ہونا ہے، حساب کتاب حق ہے اور پھر اعمال کے مطابق جزا و سزا۔ اعمال صالح کے لئے پھر ہمیں احکام الہی جاننا ضروری ہیں اور اس کو ترجمہ کے ذریعے ہی جانا جا سکتا ہے۔