آپ کا باغیچہ
19/07/2023
ہریالی، سرسبز و شاداب گھاس اور رنگ برنگے پھول پودے کسے اچھے نہیں لگتے۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر لوگ نئے گھرکو ڈیزائن اور تعمیر کرواتے وقت خصوصی طور پر گھر کے سامنے حصے میں باغبانی کے لیے جگہ مختص کرتے ہیں۔ گھر میں موجود بیرونی جگہ کسی نعمت سے کم نہیں ہوتی۔ آپ کو باہر کی کُھلی اور تازہ فضا میں بیٹھنے کا موقع مل جائے تو اس سے اچھی اور کیا بات ہوسکتی ہے؟
باغیچے میں بیٹھ کر آپ خود کو فطرت کے قریب محسوس کرتے ہیں، آپ کی تھکاوٹ دور ہو جاتی ہے اور خود کو پھر سے تازہ دم محسوس کرنے لگتے ہیں۔ صرف یہی نہیں، سبزہ، درخت اور پودے نا صرف آپ کے گھر کو تازگی بھرا ماحول فراہم کرتے ہیں بلکہ آپ کے اِرد گرد کے ماحول کو بھی صاف اور خوشگوار بنا دیتے ہیں۔
آپ ایک خوبصورت باغیچے کی تعمیر اور ڈیزائننگ کس طرح کرسکتے ہیں، آئیے جانتے ہیں۔
جب آپ گھر میں باغیچے کی تعمیر یا لینڈ سکیپنگ کا سوچتے ہیں، تو سب سے اہم سوال یہ ذہن میں آتا ہے کہ اس کے لیے ضروری لوازمات کا چناؤ کیسے کیا جائے؟ دیکھا جائے تو آپ کے باغیچے کی حقیقی خوبصورتی اس کے پھول اور پودے ہیں، لہٰذا آپ نے تمام سجاوٹ انہیں ہی مدنظر رکھ کر کرنی ہے۔
پودوں کے علاوہ آپ اپنے باغیچے کی مناسبت سے گارڈن فرنیچر کا انتخاب کیجئیے۔ گارڈن چیئرز تو ہمیشہ سے ہی لان کی زینت بڑھانے میں ممد و معاون رہے ہیں۔ اب تو نرم و گداز صوفہ سیٹ جو موسمی تغیرات کو برداشت کر سکیں، مارکیٹ میں موجود ہیں۔ بحرحال، ہماری توجہ تو پھولوں اور پودوں سے اپنے باغیچے کو دلکش بنانا ہے، نہ کہ بھاری بھر فرنیچر اور تیز روشنی والی لائٹس کی بھر مار کرکے اس کی خوبصورتی کو ماند کیا جائے۔
لان کی مناسبت سے حوض (pond) بھی بنایا جا سکتا ہے یا پھر ایک کونے میں مصنوعی واٹر فال / آبشار بھی بنوائی جا سکتی ہے۔ پرندوں کے دانہ اور پانی کے لئے مٹی کے برتنوں کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ نیچر لورز صبح سویرے یا شام ڈھلے اپنے باغیچے میں ٹہلتے ہوئے یا بیٹھ کر چائے پیتے ہوئے محظوظ ہوئے بنا نہیں رہ سکتے۔
آجکل پودوں کی نرسریز میں دیسی پودوں کے ساتھ ساتھ بے شمار ولائیتی ورائیٹی موجود ہے۔ آپ اپنے شوق اور پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے پودوں کا انتخاب کر کے اپنے باغیچے کو دلکش بنا سکتے ہیں۔ جب بھی پودے خریدیں صحت مند پودا لیں اور اس کی نشوونما کے بارے میں پوری جانکاری حاصل کریں، اس سلسلے میں آپ کا مالی بھی آپ کو گائیڈ کر سکتا ہے۔
اپنے گھر کی روزانہ کی صفائی ستھرائی کی طرح اپنے باغیچے کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ پرانے اور پیلے ہوئے پتوں کو گاہے بگاہے تلف کرتے رہیں۔ پودوں کو ان کی ماہیت کے حساب سے رکھیں تاکہ وہ بہتر طور سے گرو کر سکیں۔ کریپرز اور پھولوں والی بیلیں بھی آپ کے باغیچے کی رونق بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
اگر آپ خود ہی گارڈننگ کرتے ہیں تو آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ کب کب گوڈی کرنی ہے، پانی کتنا اور کب دینا ہے، کٹائی اور چھڑائی کب اور کیسے کرنی ہے۔ گھاس کی کٹائی اور پھر صفائی کو مد نظر رکھنا بھی نہایت اہم ہے، جو دراصل باغیچے کا حسن ہے۔