اچھی سوچ اچھی زندگی تعمیر کرتی ہے
14/07/2023
یہ ساری کائنات اللہ تعالیٰ کا ایک معجزہ ہے۔ جب اللہ تعالیٰ نے یہ کائنات بنائی تو سات دن میں ہر چیز کو حکم ہوا ”کُن فیکون“ بس ہو گیا۔ ساتوں آسمان ، زمین، پہاڑ، سورج، چاند ستارے سب سات دن میں تخلیق پا گئے، دن بن گئے، رات بن گئی اور حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق بھی کر دی گئی۔ جب انسان کی زندگی نے اس زمین پر قدم رکھا تو اللہ تعالیٰ نے” کائنات کا ایک راز“ بھی تخلیق کر دیا۔”کائنات کا یہ راز“ کیا تھا ، شاید انسان صدیوں تک نہ جان پایا۔
زندگی صدیوں کے لحاظ سے سفر طے کرتی گئی۔انسان آتے رہے، انسان جاتے رہے، زندگی اپنے اپنے دائروں میں گزارتے رہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس پوری کائنات کو صرف اور صرف مچھر کے ایک پر کے برابر قرار دیا۔ وہ خدا کتنا بڑا ہو گا جس کے نزدیک یہ کائنات صرف مچھر کے ایک پر کے برابر تھی لیکن انسان چاہے بھی تو پوری کائنات کا سفر طے نہیں کر پایا۔ انسان کائنات کے ا س راز سے ابھی تک مکمل طور پر واقف نہیں ہو سکا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیدائش کے ساتھ دین بھی مکمل ہو گیا۔ انسان کو خدا اور انسانوں کے درمیان کا تعلق مکمل طور پر سمجھا دیا گیا لیکن پھر بھی انسان اس راز سے ناواقف ہی رہا۔ انسان ہونے کے ناطے ہمیں جو چاہیے ، ہمیں اس کے بارے میں سوچتے رہنا چاہیے جو ہم سوچتے ہیں وہی ہم کرتے ہیں۔
زندگی کا ایک اصول ہے ”سوچ بنائے زندگی“۔ یہ ہے زندگی کا اصل راز اور کائنات کا مکمل اصول ۔ انسان کسی بھی مذہب سے ہو، کسی بھی ملک سے ہو، دنیا کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھتا ہو، وہ خدا کو مانتا ہے یا نہیں مانتا لیکن کائنات کا یہ اصول ہمیشہ اس کے ساتھ رہتا ہے۔ دنیا میں کتنے لوگ امیر ہیں، کبھی یہ سوچا ہے غربت کے اندھیرے کتنے پھیلے ہیں۔ ہم صرف لفظوں اور بیانات میں دے سکتے ہیں لیکن کبھی یہ سوچا کہ غربت کس وجہ سے اس طرح پھیلی ہے۔ کبھی کسی نے نہیں سوچا۔ اللہ تعالیٰ نے کائنات کا یہ راز انسان کی سوچ میں ڈال دیا ہے وہ امیر ہونا چاہتا ہے وہ سوچتا ہے، وہ کرتا ہے۔۔۔ وہ عمل کرتا ہے اور آہستہ آہستہ وہ اپنی منزل پا لیتا ہے۔
آپ سوچئے، اور اللہ تعالی کی نعمتوں۔۔۔ جس میں سرفہرست صحت و تندرستی، آسودگی اور خوشحالی ہیں تو زندگی آپ کی سوچوں کے عین مطابق ہو گی جو آپ سوچتے ہیں۔
کائنات کا دوسرا راز ہے ”یقین“ اگر آپ اللہ پر کامل یقین رکھتے ہیں اور اپنے مقصد کے لئے پوری ایمانداری اور خلوص کے ساتھ محنت میں جٹے رہتے ہیں تو آپ یقین رکھیں وہ بالکل ویسا ہی ہو گا۔ آپ وہی عمل کریں گے جو آپ سوچتے ہیں جس پر آپ کا دل یقین رکھتا ہے۔ جب ہم ناامید ہوتے ہیں تو ہم ناکامی کی طرف چلے جاتے ہیں۔ ہمیں یہ نہیں مل سکتا ہمارا یقین جب اس بات پر آ جاتا ہے تو ہم حقیقت میں کھو دیتے ہیں۔ زندگی جینے کیلئے انسان کو اپنی سوچ بدلنا ہو گی۔۔۔ اچھی سوچ اچھی زندگی تعمیر کرتی ہے غلط سوچ ویسی ہی زندگی۔ آپ کی زندگی کے نشیب و فراز آپ کی سوچ کے ساتھ ہیں۔ اچھا سوچئے تاکہ آپ ایک اچھی زندگی بنا سکیں۔ روز کی زندگی روز کی دعاؤں سے اور روز کی سوچوں سے تعمیر ہوتی ہے۔ جس کے لئے یقین شرط ہے۔ کیونکہ یقین ہی وہ محرک یا جذبہ ہے جو ہمیں کامیابیوں کے رستے پر گامزن کرتا ہے۔