عید قربان یا عید الاضحی

29/06/2023

 10 ذوالحجہ، مسلمانوں کی بڑی عید کا دن ہے۔ احادیث کے مطابق اس دن اللہ تعالی کی طرف سے حضرت ابراہيم خلیل اللہ کیلئے اسماعيل ذبیح اللہ کی قربانی پیش کرنے کا حکم ہوا۔ حضرت ابراہیم نے حضرت اسماعیل کو قربان گاہ کی طرف لے گئے اور قربانی کی قصد سے جب اپنے بیٹے کی گردن پر چھری پھیرنا چاہا تو اللہ تعالی نے جبرئيل کے ساتھ ایک مینڈھے کو بھیجا اور حضرت ابراہیم نے اسماعیل کے بدلے اس کی قربانی دی۔ اس دن سے آج تک اس واقعے کی یاد میں ادیان ابراہیمی کو ماننے والے قربانی کی اس سنت پر عمل کرتے ہیں اور بیت اللہ الحرام کی زیارت یعنی حج پر مشرف ہونے والے حاجیوں پر منى میں معین شرائط کے ساتھ قربانی دینا واجب ہے اور یہ حج کے اعمال میں سے ایک واجب عمل ہے۔
حضرت ابراہیم خواب میں اپنے بیٹے حضرت اسماعیل کی قربانی پر معمور ہوئے اور عید قربان کے دن آپ نے اللہ تعالی کے حکم کی بجا آوری کی خاطر حضرت اسماعیل کو سرزمین منی میں قربانی کے لئے لے گئے۔ جب منا میں جمرہ اول کے مقام پر پہنچے تو شیطان ان کے سامنے ظاہر ہوا اور حضرت ابراہیم کو ورغلانے کی کوشش کی تو حضرت ابراہیم نے سات پتھر مار کر اسے بھگایا اسی طرح جمرہ دوم اور سوم کے مقام پر یہ عمل پھر دہرایا گیا۔ یوں حضرت ابراہیم کا یہ عمل حج کے اعمال میں شامل ہوا اور آج ہر حاجی پر واجب ہے کہ حج کے دوران اس عمل کی پیروی کرتے ہوئے شیطان کو کنکریاں ماریں۔

حضرت ابراہیم، اسماعیل کو لے کر قربان گاہ میں پہنچے اور اپنے لخت جگر کو خدا کی راہ میں قربان کرنے کا مصمم ارادہ کیا اور قربانی کرتے وقت اسماعیل کی پیشانی کو زمین پر رکھا اور تیز چاقو کے ذریعے اسماعیل کا گلا کاٹنے کیلئے ان کی گردن پر چھری پھیری لیکن چھری نے گردن کو نہیں کاٹی۔ جب خدا نے باپ بیٹے کی اخلاص کو دیکھا تو ان کی قربانی کو قبول کیا اور جبرائیل کے ساتھ ایک مینڈھے کو اسماعیل کے بدلے قربانی کیلئے بھیجا یوں حضرت ابراہیم نے اس مینڈھے کی قربانی خدا کی راہ میں پیش کی۔ یہاں سے قربانی کی سنت شروع ہوئی اور آج قربانی کرنا حج کے واجب ارکان میں سے ہے اور دنیا بھر میں مسلمان اپنی بساط کے مطابق اس سنت پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کرتے ہیں یوں ہر سال اس دن لاکھوں کی تعداد میں جانور ذبح کرتے ہیں، ان کا گوشت خود بھی کھاتے ہیں، عزیز رشتہ داروں اور غریبوں میں بھی تقسیم کرتے ہیں۔

عید قربان کا دن بہت ہی اہم دن ہے ، خدا کی بندگی کا دن ہے ، ہمیں چاہئے کہ عید قربان کے دن ضرور اپنی بندگی کے بارے میں تجدید نظر کریں اور اسے مضبوط کریں ،اپنے نفس کو نیچے منازل پر اکتفاء ہونے نہ دیں۔