امت مسلمہ دنیا میں بے وزن
29/05/2023
55 سے زائد مسلم ممالک ہونے کے باوجود امت مسلمہ دنیا میں
بے وزن ہوچکی ہے۔ ان کی کوئی آواز نہیں۔ غالب اکثریت اس بے وزنی کے سبب مایوسی کا شکار ہے۔ عالم اسلام میں چند ہی ایسے قائد ہیں جن سے مسلمانوں نے امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔ ان میں سرفہرست جو نام آتا ہے وہ ہے ترکی کے ہردلعزیز لیڈر رجب طیب اردگان کا نام۔۔۔ یہ شخصیت نام ہے شجاعت کا،دوراندیشی کا، لیاقت کا، درد دل کا،قابلیت کا۔ اردگان ہر بے کس کی آواز بنا ہے۔ ترقی کا نشان بنا ہے۔ آپ بہترین مقرر ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین منتظم اور قابل رہبر بھی ہیں۔۔آپ کی زندگی پر بہت کچھ لکھا جا چکا ہے اور بہت کچھ لکھا جارہا ہے۔ آج سے کچھ سال پہلے آپ کی زندگی کے مختلف اہم گوشوں پر لکھی گئی کتاب کے مطالعے کا گزشتہ دنوں موقع ملا۔
’’رجب طیب اردگان‘‘ ڈاکٹر راغب السرجانی کی 327 صفحات پر مشتمل کتاب ہے جس کا اردو ترجمہ ڈاکٹر طارق ایوبی ندوی نے کیا ہے، بقول مصنف ’’رجب طیب اردوغان، اس مرد آہن کی داستان ہے جو ترکی کو نئی دنیا کی بلندیوں تک لے گیا، جس نے مرکز خلافت کی عظمت اور امت مسلمہ کے جذبات کا ادراک کیا، جو ترکی کو اس کے ماضی سے مربوط کرنے کے لیے کوشاں ہے‘‘۔