گرمی کا توڑ۔۔۔ ٹھنڈے مشروبات
23/05/2023
گرمی اپنے عروج پر ہے، سورج آگ برسا رہا ہے۔ پنجاب میں پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ پر براجمان ہے، ملک بھر میں گرمی کی لہر جاری ہے چونکہ گرمی کا موسم ہے اور جسم سے پانی بذریعہ پسینہ خارج ہو جاتا ہے اور dehydration کا خطرہ بہت بڑھ جاتا ہے۔ اس لئے شدت کی پیاس لگتی ہے، تو پیاس کی شدت کو کم کرنے اور جسم میں نمکیات کی مقدار کو برقرار رکھنے کیلئے بار بار پانی پیا جاتا ہے اس کے علاوہ گھر میں بنے ٹھنڈے مشروبات پینا انتہائی مفید ہوتا ہے تاکہ جسم کو تقویت بھی پہنچے اور پانی کی کمی بھی پوری ہوتی رہے۔
ہم میں سے اکثر و بیشتر افراد مارکیٹ میں دستیاب مختلف برانڈز کے پیک جوس، فیزی ڈرنک وغیرہ کا استعمال شوق سے کرتے ہیں، جبکہ ان کیمیکل اور preservatives ملے مشروبات میں فوڈ کلر ، چینی اور سوڈا ہی پایا جاتا ہے۔ جو وقتی پیاس بجھانے کے ساتھ ساتھ بھاری مقدار میں کیلوریز بڑھانے میں پیش پیش ہوتا ہے۔
اللہ تعالی نے ہماری سرزمین کو بے شمار پھل عطا کئے ہیں۔ موسمی پھل اور سبزیاں ہماری صحت اور مزاج کے عین مطابق قدرت کی بہت بڑی عنایت ہیں۔ گرمیوں کے موسم میں لیموں پانی سب سے زیادہ پیا جانے والا، سب سے ہلکا اور خوشگوار ڈرنک ہے۔ اگر اس میں کچھ پودینے کے پتے بھی ڈال لئے جائیں تو خوشبو اور ذائقہ دوبالا ہو جاتا ہے۔ بچوں کے لئے تھوڑی چینی ملا کر lemonade بھی بنائی جا سکتی ہے۔ فالسہ سے بھی گھر پر بہترین جوس تیار کیا جا سکتا ہے۔ تربوز ہمیشہ سے شدید گرمی کو دور کرنے کے لیے پسندیدہ رہا ہے۔ ٹھنڈا اور رس سے بھرپور پھل جو ذائقے میں بہت مزیدار ہوتا ہے۔ اس کا جوس بنانا آسان ہے۔
دودھ دھی کی لسی بھی گرمی کا توڑ ہے۔ بادام، صندل اور ستو کے شربت بھی خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ ساتھ توانائی بحال کرتے ہیں اور گرمی کی شدت کو کم کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ ہم مختلف سبزیوں سے بھی جوس بنا سکتے ہیں۔ مثلا” کھیرے کا جوس، ٹماٹر کا جوس، گاجر اور چکندر کا جوس، وغیرہ وغیرہ۔ یہ سارے جوس تاثیر میں ٹھنڈے اور توانائی سے بھرپور ہوتے ہیں۔
پھلوں کا بادشاہ آم ہم سب کا من بھاتا پھل ہے۔ آپ چاہیں تو اسے کیوبز میں کاٹ کر ٹھنڈا کر کے کھائیں، یا ان کا جوس نکال کر پیئیں، آپ اس کی smoothie اور milk shake بنا کر لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
گرمیاں اپنے عروج پر ہیں، گھر سے باہر نکلتے وقت پانی پی کر نکلیں۔ گاڑی کے شیشے کچھ دیر پہلے ہی کھول لیں تاکہ اندر کی گرمی باہر نکل جائے۔ کچھ دیر کے لئے،نیچے کئے ہوئے شیشے رکھنے سے کافی فرق پڑتا ہے۔ کوشش کریں تیز دھوپ میں باہر بالکل نہ نکلیں۔ اپنا اور اپنے سے جڑے تمام پیاروں کا بہت خیال رکھیں۔ ہر چیز کو مثبت انداز میں لیں۔ یہ موسم بھی ہمارے اللہ تعالی کی نعمتیں ہیں، ان کو اپنی اچھی حکمت عملی سے خوشگوار بنائیں اور لطف اندوز ہونے پر اللہ کا شکر ادا کیجئیے۔