رجب المرجب
24/01/2023
رجب المرجب کی عبادات کی احادیث میں بہت فضیلت بیان کی گئی ہے ایک حدیث پاک میں ہے کہ حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ”رجب اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے اور شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان شریف میری امت کا مہینہ ہے۔“ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ جب ماہ رجب کا چاند دیکھو تو پہلے ایک مرتبہ یہ دعا پڑھو: اَللّٰہُمَّ بَارِکْ لَنَا فِي رَجَبَ وَشَعْبَانَ و بلِّغْنا رمَضَان“
ترجمہ:’’ اے اللہ! رجب اور شعبان کے مہینوں میں ہمیں برکت عطا فرما اور رمضان تک ہم کو پہنچا‘‘۔
رجب کا مہینہ دوری (یا ظلم) کو ترک کرنے کیلئے ہے اور شعبان کا مہینہ عمل اور ایفائے عہد کیلئے ہے اور رمضان کا مہینہ صدق اور وفا کے حصول کیلئے ہے۔ رجب توبہ کا، شعبان محبت کا اور رمضان قرب الٰہی کا مہینہ ہے‘‘ ۔
حضرت ذوالنون مصریؒ بیان کرتے ہیں ’’رجب مصیبتوں (گناہوں) کو ترک کرنے کیلئے، شعبان اعمال پر اطاعت کرنے کیلئے اور رمضان عزت بخشیوں کے انتظار کیلئے ہے، لہٰذا جس شخص نے گناہ نہ چھوڑے، اطاعت کے کام نہ کئے اور عزت بخشیوں کا اُمید وار نہ ہوا تو وہ خرافات میں مبتلا ہونیوالا ہے۔
حضرت عبد اللہ بن زبیرؓ بیان کرتے ہیں کہ ’’ماہِ رجب میں جو شخص کسی مومن کی سختی دُور کریگا اللہ تعالیٰ اس کو جنت الفردوس میں تاحد نگاہ ایک بہت بڑا محل عطا فرمائیں گے۔ خوب سن لو ! ماہِ رجب کی عزت کیا کرو! اللہ تعالیٰ تمہیں ہزار عزتیں نصیب فرمائیں گے‘‘۔
حضرت ابوہریرہؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا ’’جس شخص نے رجب کی ستائیسویں کو روزہ رکھا اُس کیلئے 6 ماہ کے روزوں کا ثواب لکھا جاتا ہے‘‘۔
حضرت سلمان فارسیؓ سے روایت ہے کہ حضورِ اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا ’’ رجب کے مہینے میں ایک دن اور ایک رات ایسی ہے کہ اگر کوئی شخص خاص اُسی دن کا روزہ رکھے اور خاص اسی رات کی عبادت کرے تو اُس کو 100 سال کے روزے رکھنے اور 100 سال رات کی عبادت کرنے کا ثواب ملے گا اور یہ دن اور یہ رات 27 رجب ہے، اسی تاریخ کو رسول اللہ ﷺ کو نبوت عطا کی گئی‘‘۔