ہمارا پاکستان
13/08/2022
ہمارا پیارا وطن اِسلامی جمہوریہ پاکستان 14 اگست 1947 عیسوی بمطابق27رمضان المبارک 1366ہجری کو مَعْرضِ وُجود میں آیا۔اللہ تَعالٰی اِس کی حفاظت فرمائے، دشمنوں کی میلی نظر سے محفوظ رکھے اور ہمیں اِس عظیم نعمت کی حقیقی قدْر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ امین۔
پاکستان کا قیام صرف زمین کا ایک ٹکڑا حاصل کرنے کے لئے نہیں کیا گیا بلکہ اس کا مقصد ایک ایسی آزاد رِیاست تھا جہاں مسلمان اپنے اللہ اوراس کےحبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تعلیمات کی روشنی میں پُراَمْن زندگی گزار سکیں۔ قیامِ پاکستان کے وقت ہر طرف ایک ہی نعرہ تھا کہ ”پاکستان کا مطلب کیا؟ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّااللہ“ لیکن افسوس! کہ آج مسلمان اپنے پیارے وطن پاکستان کے قیام کا مقصد نظر اَنْدَاز کئے بیٹھے ہیں، جس وطن کو آزادی سے عِبادَت کرنے کے لئے حاصل کیا گیا تھا اسی کے رہنے والے اللہ اور رسول کے احکامات کی نافرمانی کرتے نہیں گھبراتے،وہ لوگ جنہوں نے اس وطن کے لئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ دیا، وہ مائیں جنہوں نے اس وطن پر اپنے بچے قربان کئے،آج انہی کی اولاد کسی بھی ناخوشگوار موقع پر اسی وطن کی اَملاک تباہ کرنے،جلاؤ گھیراؤ کرنے، اپنے ہی مسلمان بھائیوں کی گاڑیاں ، دکانیں جلانے اور توڑ پھوڑ کرنے سے بالکل نہیں گھبراتی۔ اللہ تعالی ہماری رہنمائ فرمائیں اور ہم پاکستانیوں کو متحد ہو کر ملکی مفاد عامہ کے لئے راہیں ہموار کرنے کی توفیق و صلاحیت عطا فرمائیں۔ آمین۔
ہم جشنِ آزادی کیوں مَناتے ہیں؟: جس دن کوئی نعمت ملے، اُس کی یاد مَنانا شرعاً جائز ہے۔ یاد رہے کہ جشنِ آزادی منانے کا مقصد اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی دی ہوئی نعمت ”آزادی“ کا شکرادا کرنا ہوتا ہے،اور”شکر“ کا تقاضا یہ ہے کہ جس کی جانِب سے نعمت ملی ہے اس کی اطاعت و فرمانبرداری کی جائے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے بتائے ہوئے احکامات اور تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اور خلافت راشدہ کے خلفاء کی پیروی کرتے ہوئے اپنے مذہب اور ملک کی بقا کو دنیا کے آگے منوانا ھے۔ ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ھے کہ ہم شخصی،نسلی، سماجی، معاشی غرض ہر طرح کی تعصبانہ اور جانبدارانہ روئیہ کو ختم کرتے ہوئے اپنے ملک کا سوچیں۔۔۔آگے بڑھیں اور اس منافقانہ، جاگیردارانہ اور شاہی خاندانہ روایات کو یکسر cut -off کر کے merits کی بنیاد پر اپنی آزاد ریاست کے لئے مناسب و موزوں حکمران کا انتخاب کریں۔۔۔ جو قائدانہ صلاحیتوں کا متحمل ہو۔ اللہ تعالی ہمارے ملک کے لئے ہماری نیک خواہشات کو دنیا کے افق پر روز روشن کی طرح جلوہ افروز فرمائیں۔ آمین ثم آمین۔