چائے بسکٹ۔۔۔کاغذ قلم
2/02/2023
جس طرح چائے بسکٹ کا رشتہ صدیوں پرانا ھے، اسی طرح کاغذ قلم بھی لازم و ملزوم ہیں۔ ان کا ایک دوسرے کے بنا تو تصور بھی ادھورا ھے۔ جب آپ گرما گرم چائے نوش کر رہے ہوں، لازم ھے کہ آپ کا پسندیدہ بسکٹ اس چائے میں ڈبکیاں لگائے۔ آج کل تو اخبار پڑھنے کا رجحان پرنٹ اور سوشل میڈیا کی وجہ سے کم بلکہ ناپید ہی ہوتا جا رہا ھے، ورنہ اخبار پڑھتے ہوئے گرم چائے کی چسکیاں خبروں کو مزید سنسنی خیز بنا دیتی ہیں۔
اور اگر آپ پڑھنے کے ساتھ ساتھ لکھنے کا شغف بھی رکھتے ہیں۔۔۔ تو کیا ہی مزیدار جگاڑ ھے۔ لکھنے کے لئے کوئی خاص عنوان کی ضرورت نہیں ہوتی، بس آپ کو جس چیز کے بارے میں بات کرنی ھے اس پر عبور ہونا چاھئیے، تاکہ قاری پوری توجہ سے پڑھ یا سن سکے اور بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔ آج میں نے چمکیلی دھوپ کا مزہ لینے کی غرض سے اپنے گھر کے لان میں ترتیب سے پڑی کرسیوں اور ٹیبل کو اپنا لکھنے کا اڈہ بنایا۔ کچن میں کام کرنے والے لڑکے نے آکر گرم گرم چائے بمع بسکٹ پیش کئے، تو سوچا کیوں نہ آج یہی موضوع گفتگو رکھا جائے۔ واہ کیا مزیدار چائے ھے۔۔۔پہلا ہی سپ لیتے ہی دماغ کی ساری بتیاں روشن ہو گئیں۔ سبحان اللہ۔ بصارت میں تیزی آگئ، نیلگوں آسمان حد نگاہ مہرباں سائیاں نظر آنے لگا۔ پرندے چہچہاتے، اڑتے پھرتے بھلے معلوم دینے لگے۔ درخت رنگت میں خوب گہرے بارش سے دھل کر اجلے اور چمکدار ۔۔۔ ہلکی ہوا سے پتوں میں سرسراہٹ کی سرگوشیاں شروع ہو گئیں۔ مالی کیاریوں میں نئ پنیریاں لگانے لگا۔ میں اپنا لکھنا پڑھنا چھوڑ ، چائے بسکٹ کا لطف لیتے ہوئے سارے مناظر سے بھرپور انجوائے کرنے لگی۔ مجھے یہ سب کچھ اتنا دلکش اور پرسکون لگ رہا تھا کہ قدرت کی اس جیتی جاگتی رونق سے نظریں ہٹانے کو جی نہ کیا۔ خود سے ہی سوچنے لگی۔۔۔ اب موسم میں تھوڑی” تبدیلی” آ رہی ھے۔ فوگ، سموگ اب کہیں جا چھپی ھے۔ شکر اللہ تعالی کا بچے بڑے جو ٹھنڈ کی وجہ سے پریشان تھے، اب دھوپ کی بدولت بہتری محسوس کریں گے۔ یہ دھوپ بھی اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ھے، ساری وبائی بیماریاں اور جراثیم سے فضا پاک، صاف و معطر ہو جائے گی، بچے بڑے سبھی دھوپ انجوائے کریں گے۔۔۔ان شاء اللہ۔
لیں جی، چائے ختم اور محفل برخاست۔