ورلڈکپ 2023

04/10/2023

ورلڈکپ کرکٹ شائقین کے لئے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے ان کی بھرپور توجہ کے منتظر ہیں۔۔۔۔بس اب انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کل 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا اس عالمی کپ کی سب سے منفرد بات یہ ہوگی کہ تمام ٹیموں کے کپتان پہلی بار عالمی کپ میں اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے۔

گزشتہ ورلڈ کپ 2019 میں انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا اس ورلڈ کپ میں جن کھلاڑیوں نے اپنی ٹیموں کی کپتانی کی تھی ان میں سے اس وقت کوئی بھی اپنی ٹیم کی قیادت نہیں کر رہا ہے۔

2019 کے ورلڈ کپ کا ٹیموں کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کے سپرد تھی جب کہ اب بابر اعظم گرین شرٹس کے کپتان ہیں۔ اسی طرح بھارت نے ویرات کوہلی کی قیادت میں ورلڈ کپ کھیلا تھا۔ رواں برس روہت شرما ٹیم کی کمان سنبھالے ہوئے ہیں۔
انگلینڈ نے گزشتہ ورلڈ کپ اوئن مورگن کی قیادت میں جیتا تھا تاہم اس بار جوز بٹلر کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔ آسٹریلیا ٹیم نے گزشتہ ورلڈ میں ایرون فنچ کی کپتانی میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جب کہ اس مرتبہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز میگا ایونٹ میں کینگروز کو میدان میں اتاریں گے۔
گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم نیوزی لینڈ کی بات کی جائے اس میں ان کی کپتانی کین ولیمسن نے کی تھی۔ تاہم ولیمسن بھارت میں جاری آئی پی ایل کے پہلے میچ میں ہی شدید زخمی ہوکر نہ صرف ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں بلکہ گھٹنے کا آپریشن ہونے کے بعد انہیں مکمل بحالی میں 9 ماہ کا عرصہ درکار ہوگا اس لیے قوی امکان ہے کہ ان کی جگہ کیوی ٹیم کی قیادت کوئی اور کھلاڑی انجام دے گا۔
اس وقت ولیمسن کی جگہ ٹام لیتھم ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور کیوی ٹیم کا ورلڈ کپ بھی ان ہی کی کپتانی میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ میگا ایونٹ میں بنگلہ دیش کی ٹیم کی کمان مشرفی مرتضیٰ کے سپرد تھی اس بار یہ بوجھ تمیم اقبال اٹھائیں گے۔ اسی طرح 2019 کے ورلڈ کپ میں افغان ٹیم کی کپتانی آل راؤنڈر گل بدین نائب نے کی تھی لیکن اس مرتبہ ون ڈے کرکٹ کے عالمی کپ میں افغانستان کی کمان حشمت اللہ شاہدی کی پاس ہوگی۔

باخبر رہنے کے لئے سوشل اور پرنٹ میڈیا سے وابستہ رہئیے۔ امید ہے کہ دنیائے کرکٹ کو عمدہ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

سوال یہ ہے کہ جیت کس کی ہو گی؟؟؟ تو ظاہر ہے جیت کا سہرا اسی ٹیم کے سر ہوگا جو اس کی بہترین اہلیت رکھتی ہو گی۔
ہم اپنی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں، اللہ تعالی ہمارے کرکٹرز کو اچھی حکمت عملی اور اعلی پرفارمنس دکھانے کی بھر پور صلاحیت عطا فرمائے، آمین۔

“تم جیتو یا ہارو۔۔۔۔ ہمیں تم سے پیار ہے!!!” کے نعرے اب نہیں گونجیں گے۔ بلکہ “کچھ کر دکھاؤ۔۔۔۔کیونکہ ہمیں تم سے پیار ہے”۔