رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا (سورة الإسراء آیت نمبر 24)

11/09/2023

ترجمہ : اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما جیسا کہ انہوں نے بچپن میں مجھے (رحمت و شفقت سے) پالا تھا۔​
والدین دنیا کی لاکھوں کروڑوں نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت ہیں۔ اللہ تعالی کا ہم پر خاص کرم ہے کہ اس نے ہمیں ایسی نعمت سے نوازا۔ ماں زندگی کی تاریک راتوں میں روشنی کا مینار ہے اور باپ ٹھوکروں سے بچانے والا مضبوط سہارا ہے۔ زندگی ماں باپ کے بغیر بالکل ادھوری ہے۔ والدین کے ہم پر اتنے احسانات ہیں کہ اگر ساری زندگی بھی گزر جائے تو اولاد کبھی ان کے حقوق ادا نہیں کرسکتی۔ ہمارے والدین ہماری زندگی کی خوشی، ہمارا سکھ اور سکون ہیں۔
ماں باپ کی خدمت کا اندازہ اس حدیث سے لگایا جاسکتا ہے۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
“میں جنت میں داخل ہوا تو میں نے سنا کہ وہاں کوئی شخص قرآن پاک کی تلاوت کر رہا ہے، جب میں نے دریافت کیا کہ قرآن پاک کی قرآت کون کر رہا ہے؟ تو فرشتوں نے بتایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابی حارثہ بن نعمان ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا لیکن وہ تو ابھی زندہ ہیں تو جنت میں آواز کیسے؟
فرشتوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی ماں کی ایسی خدمت کی ہے کہ اللہ تعالی نے حکم دیا ہے کہ حارثہ جب تلاوت کرے تو پوری جنت کو سناؤ.

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ سے روایت ہے کہ آپ صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمایا:

نیک آدمی کا اللہ تعالی جنت میں درجہ بلند کرتے ہیں تو وہ پوچھتا ہے کہ:
اے اللہ! مجھے یہ درجہ کیوں ملا ہے تو اللہ تعالی فرماتے ہیں: تیرے بیٹے نے تیرے لیئے بخشش کی دعا کی ہے۔
اللہ تعالی ہمیں بھی اپنے والدین کی خدمت کرنے والا۔۔۔ ان کے حق میں دعا کرنے والا بنا دے. آمین۔