بنیان مرصوص
10/05/2025
إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الَّذِينَ يُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِهِ صَفًّا كَأَنَّهُم بُنيَانٌ مَّرْصُوصٌ
(سورۃ صف کی آیت نمبر 4)
ترجمہ: “بیشک اللہ ان لوگوں سے محبت کرتا ہے جو اس کی راہ میں اس طرح صف بستہ ہو کر لڑتے ہیں گویا کہ وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔”
اس آیت میں اتحاد، نظم و ضبط، اور مضبوطی کی مثال دی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ کو وہ مجاہد پسند ہیں جو منظم طریقے سے، مضبوط ارادے کے ساتھ ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند لڑتے ہیں۔
آپریشن بنیان مرصوص؛ ایک علامتی و عسکری پیغام:
پاکستان نے بھارت کی جانب سے کیے گئے میزائل حملوں کے جواب میں 10 مئی 2025 کو “آپریشن بنیان مرصوص” کا آغاز کیا۔ یہ نام قرآن پاک کی سورۃ الصف کی آیت 4 سے ماخوذ ہے، جس میں مؤمنین کو سیسہ پلائی دیوار کی مانند صف بستہ ہو کر لڑنے کی تلقین کی گئی ہے۔
22 اپریل 2025 کو بھارتی زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک دہشت گرد حملے میں 28 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر ہندو سیاح شامل تھے۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا اور 6 مئی کو “آپریشن سندور” کے تحت پاکستان کے مختلف علاقوں میں میزائل حملے کیے، جن میں نور خان اور شورکوٹ ایئر بیسز کو نشانہ بنایا گیا۔
پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں “آپریشن بنیان مرصوص” آج صبح 10 مئی فجر کی آزان کے ساتھ بھارت کے اندر کئی اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا:
بیاس کے علاقے میں براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ تباہ کی گئی۔
ادھم پور اور پٹھان کوٹ میں ایئر بیسز کو نشانہ بنایا گیا۔
پاکستانی افواج نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے بھارتی فضائیہ کے پانچ لڑاکا طیارے، جن میں جدید رافیل طیارے بھی شامل ہیں، مار گرائے۔
دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، اور سرحدی علاقوں میں شدید فائرنگ اور ڈرون حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں، اور بھارت میں بھی ہنگامی حالات نافذ کیے گئے ہیں۔
“آپریشن بنیان مرصوص” پاکستان کی جانب سے ایک مضبوط پیغام ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ یہ آپریشن نہ صرف عسکری لحاظ سے بلکہ نفسیاتی اور علامتی طور پر بھی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس کا نام اسلامی تعلیمات سے ماخوذ ہے، جو اتحاد، نظم و ضبط، اور ثابت قدمی کی علامت ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو دشمن کے ناپاک ارادوں میں ذلیل و رسوا کرے اور اس جنگ میں منہ کی کھائے، آمین.
پاکستان زندہ باد پاک فوج پائندہ باد.